بالی وڈ کی معروف گلوکارہ نے مسلمان دوست سے نکاح کرلیا


گلوکارہ شالملی کھولگڑے نے اپنی شادی کی خبر گزشتہ روز انسٹاگرام کے ذریعے دی—فوٹو: انسٹاگرام/شالملی

بالی وڈ کی کئی نامور فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگانے والی بھارتی گلوکارہ شالملی کھولگڑے نے اپنے مسلمان دوست فرحان شیخ سے شادی کرلی۔

گلوکارہ شالملی کھولگڑے نے اپنی شادی کی خبر گزشتہ روز انسٹاگرام کے ذریعے دی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ 22 نومبر کو اپنے دوست فرحان شیخ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئی ہیں۔

شالملی نے خوبصورت تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہم نے بالکل اسی طرح کی شادی کی جس کی ہمیں امید تھی، ہم نے اپنے اہلخانہ، رشتے دار اور چند کزنز کی موجودگی میں گھر میں ہی شادی کی۔

گلوکارہ نے ایک تصویر شیئر کی اور بتایا کہ ہم اپنی شادی میں ہندو اور مسلم رسمیں چاہتے تھے، فرحان کے بہنوئی نے دعا پڑھی، نکاح کا انگریزی ترجمہ کیا اور پھر سورۃ فاتحہ پڑھی۔

گلوکارہ نے ایک اور پوسٹ میں دو تصاویر شیئر کیں جس میں ہندو مذہب کے مطابق رسموں کی ادائیگی ہورہی ہے۔

شالملی کھولگڑے کے شوہر فرحان شیخ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے مطابق وہ ایک ساؤنڈ انجینئر ہیں، گلوکارہ کے چاہنے والے انہیں مبارکباد پیش کررہے ہیں جب کہ جوڑے کی آنے والی زندگی کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کررہے ہیں۔ 

واضح رہے کہ شالملی کھولگڑے کے سپر ہٹ گانوں میں بلم پِچکاری، لت لگ گئی، بے بی کو بیس پسند ہے اور دارو دیسی سمیت کئی گانے شامل ہیں۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published.